پی ٹی آئی کو اداروں کے اندر سے سہولت کاری مل رہی ہے: میاں جاوید لطیف

Published On 13 November,2024 12:57 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اداروں کے اندر سے سہولت کاری مل رہی ہے۔

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما میاں جاوید لطیف نے دنیا نیوز کے پروگرام ’’دنیا مہر بخاری کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا سوال ہے اپوزیشن رہنماؤں کو کیوں گرفتار کیا گیا، اگر گرفتار کیا گیا تو رہا کیوں کیا گیا؟ میں گرفتاریوں کی مذمت کرتا ہوں۔

میاں جاوید لطیف نے کہا کہ ہم نوازشریف سے ملاقات کرنے جاتے تھے تو ہمارے گھر والوں کواٹھا لیا جاتا تھا، اداروں کے اندر کچھ بااثرشخصیات سہولت کاری دے رہی ہیں، جنرل فیض حمید کے اثرات ابھی مختلف اداروں میں موجود ہیں۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ لطیف کھوسہ، زلفی بخاری کہتے ہیں کہ امریکا سے حکم نامہ آئے گا، پہلے زمان پارک اور اب خیبرپختونخوا میں لوگوں کی ٹریننگ ہورہی ہے، خیبرپختونخوا کی سرکاری مشینری کو استعمال کیا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیض حمید کے بعد ثاقب نثار کو بھی کٹہرے میں لانا ہوگا، سہولت کاروں کے چہروں کو بے نقاب کرنا ہوگا۔