ترقیوں کا معاملہ: ایئر پورٹس اتھارٹی انتظامیہ اور آفیسرز کا تنازع شدت اختیار کرگیا

Published On 13 November,2024 11:40 pm

کراچی :(دنیا نیوز) پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی میں افسران کی ترقیوں پر انتظامیہ اور آفیسرز ایسوسی ایشن میں تنازع شدت اختیار کرگیا۔

پی اے اے آفیسرز ایسوسی ایشن نے افسران کی ترقیوں کے لیے ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی اجلاس پر تحفطات کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری ایوی ایشن کو مراسلہ لکھ کر پروموشن روکنے اور تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

مراسلہ میں کہا گیا کہ جونیئر نان کیڈر افسران کو ترقی دیکر سینئرز کو نظر انداز کیا گیا، اے ٹی سی کیڈر کے افسر کو ایئرپورٹ سروسز کیڈر میں پروموشن کی منظوری دی گئی، یہ رولز کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

آفیسرز ایسوسی ایشن کا اپنے مراسلے میں یہ بھی کہنا تھا کہ ایئرپورٹ منیجرز کے عہدوں پر تعینات من پسند افسران کو آؤٹ آف ٹرن پروموشن دینا بھی خلاف قانون ہے، انہوں نے حالیہ ڈیپارٹمنٹل پروموشن کے لیے بورڈ کی کمپوزیشن پر بھی تحفظات کا اظہار کردیا۔

مراسلے میں یہ مسئلہ بھی اٹھایا گیا کہ کئی افسران کے سروس ریکارڈ میں ٹمپرنگ کرکے ترقیوں کے لیے راستہ نکالا گیا جس کی تحقیقات کی جائے، وزارت ہوابازی ایئرپورٹ اتھارٹی کے افسران کے رولز کی خلاف ورزی کے معاملے پر بھی تحقیقات کرائے۔

آخر میں آفیسر ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ ایئرپورٹ اتھارٹی کے افسران کی ترقیوں کو روکا جائے اور سیکرٹری ہوابازی معاملے پر نوٹس لیکر فوری تحقیقات شروع کریں۔