اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئینی بنچ نے آئندہ ہفتے اہم مقدمات سماعت کیلئے مقرر کردیئے۔
سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے زیر زمین پانی واجبات کی ادائیگیوں کا کیس 21 نومبر کو سماعت کیلئے مقرر کردیا، 7 رکنی آئینی بنچ کیس کی سماعت کرے گا، سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کیخلاف درخواست 20 نومبر کو سماعت کیلئے مقرر کی گئی ہے۔
تحریک انصاف کی 2017 کی مردم شماری اور حلقہ بندی پر الیکشن کروانے کی درخواست پر سماعت 20 نومبر کو ہو گی، ایم کیو ایم کی چھٹی مردم شماری کروانے کی درخواست پر بھی سماعت 20 نومبر کو ہو گی۔
آئینی بنچ تھر پارکر کے شہریوں کو بنیادی انسانی حقوق دینے کی درخواست پر 20 نومبر کو سماعت کرے گا، آئی جی اسلام آباد کے سیاسی تبادلوں کیخلاف درخواست بھی 20 نومبر کو ہی سماعت کیلئے مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح تعلیمی اداروں میں طلباء کو منشیات کی فراہمی کیخلاف درخواست 20 نومبر کو سماعت کیلئے مقرر کی گئی ہے جبکہ سندھ اتھارٹی میں مبینہ کرپشن کیخلاف درخواست پر سماعت بھی 20 نومبر کو ہوگی۔