ملکی ترقی کیلئے جدید ٹیکنالوجی اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے: احسن اقبال

Published On 16 November,2024 12:47 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے جدید ٹیکنالوجی اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے سائنس، ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ و ترقی کے موضوع پر وزارت منصوبہ بندی میں گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کا مقصد پاکستان کے لئے جدت پر مبنی تکنیکی ترقی کے سٹریٹجک فریم ورک کو تشکیل دینا تھا۔

احسن اقبال نے کہا کہ اس اقدام کا ہدف سائنس، ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ کو قوم کی ترقی کے انجن کے طور پر بروئے کار لانا ہے، یہ اقدام تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو ایک مشترکہ ویژن کے تحت متحد کرنے کی علامت ہے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے دنیا کو اپنی ایٹمی طاقت کا مظاہرہ کر کے دکھایا مگر تعلیم اور صحت جیسے اہم شعبوں میں ہم ابھی بھی پیچھے ہیں، تحقیقی صلاحیت کو پیداواری صلاحیت میں تبدیل کرنا ہوگا اور صنعتی ترقی کے لئے جدید حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

چیئرمین ایچ ای سی کا کہنا تھا کہ تحقیق اور تعلیم میں سرمایہ کاری بڑھانا انتہائی ضروری ہے۔