اسلام آباد: (مریم الہٰی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم مزید سرد ہو گیا۔
اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہو رہی ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت کے علاقے جی ٹین سیکٹر میں ژالہ باری نے سردی کی شدت میں مزید اضافہ کر دیا۔
ادھر محکمہ موسمیات نے رات کو ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کردی۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بارش کا امکان ہے جبکہ سیالکوٹ، نارووال، لاہور، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، بھکر، لیہ، ڈی آئی خان میں بھی بارش متوقع ہے۔
دوسری جانب چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور میں بارش کا امکان ہے، مالاکنڈ، باجوڑ، مردان، مہمند، چارسدہ، صوابی، نوشہرہ، پشاور، خیبر، کوہاٹ، کرم میں بھی بادل برسنے کی امید ہے۔
علاوہ ازیں بلوچستان میں کوئٹہ، زیارت، پشین، قلعہ سیف اللہ، ژوب، لورالائی، بارکھان سمیت دیگر علاقوں بارش متوقع ہے جبکہ خیبرپختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر مزید برف باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔