لاہور: (دنیا نیوز) لاہور پولیس نے رواں سال کے دوران انسداد سموگ کارروائیاں کرتے ہوئے سموگ کا باعث بننے والے عناصر کو ایک کروڑ 84 لاکھ روپے سےزائد کے جرمانے کردیئے۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق اینٹی سموگ ایکشن پلان کے تحت کریک ڈاؤن جاری ہے، رواں سال سمو گ کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف کارروائیوں میں 212مقدمات درج کر کے 228 ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جبکہ ایک کروڑ 84لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائدکئے گئے ہیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ رواں سال50 ہزار سے زائد گاڑیوں کو چیک کیا گیا اور دھواں چھوڑنے والی 4 ہز ار سے زائد گاڑیوں کے چالان کئے گئے ہیں، فٹنس سرٹیفکیٹس نہ ہونے پر 4 ہزار گاڑیوں کے کاغذات ضبط جبکہ 5 ہزار سے زائد گاڑیاں ضبط کی گئیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بغیر فٹنس سرٹیفکیٹس کے 1900 سے زائد وہیکلز کو غیر معیاری قرار دیا گیا، فیول، تار کول اور کاربن بورڈ جلانے پر 8 ملزمان، کنسٹرکشن میٹریل کے 89 جبکہ فصلوں کی باقیات جلانے پر 18ملزمان گرفتار کئے گئے ہیں، ٹائرز، پلاسٹک، شاپنگ بیگز جلانے پر29، کارخانوں کے51 اور کوڑے کو آگ لگانے پر 33 ملزمان کوگرفتارکیا گیاہے۔