برطانیہ کا پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلی کے منصوبوں کیلئے 108 ملین پاؤنڈ کے پروگرام کا اعلان

Published On 21 November,2024 04:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) برطانیہ نے پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلی کے منصوبوں کیلئے 108 ملین پاؤنڈ کے پروگرام کا اعلان کیا ہے۔

وزیر برائے مشرق وسطیٰ، افغانستان اور پاکستان ہیمش فالکنر نے اسلام آباد میں پروگرام کا افتتاح کیا، برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق پروگرام نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور ماحولیاتی ٹیکنالوجی کی حوصلہ افزائی کرے گا۔

برطانوی ہائی کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے تعاون سے پاکستان میں مقامی کاروباروں میں سرمایہ کاری کی جائے گی، پاکستان میں ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کیلئے مقامی کاروباروں کی مدد کی جائے گی۔

اعلامیہ کے مطابق برطانوی پروگرام پاکستان میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو کئی گنا بڑھانے میں معاون ہوگا، ہیمش فالکنر نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے برطانیہ پاکستان کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔

برطانوی وزیر ہیمش فالکنر نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر حکام سے بھی ملاقاتیں کیں، برطانوی وزیر نے جمہوریت اور بنیادی آزادی کی اہمیت پر زور دیا۔

اس موقع پر پاکستان میں برطانیہ اور پاکستان کے مضبوط تعلقات کے فروغ پر گفتگو بھی کی گئی۔