عمران خان کی رہائی کا واحد راستہ عدالتی و قانونی چارہ جوئی ہے: احسن اقبال

Published On 24 November,2024 02:23 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و رہنما مسلم لیگ احسن اقبال نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کا واحد راستہ عدالتی و قانونی چارہ جوئی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان عدالتوں میں جاکر اپنی بے گناہی ثابت کریں، اگر عدالتیں انہیں رہا کرتی ہیں تو ان کی رہائی ممکن ہوجائے گی، انہیں خود کو مقدمات سے کلیئر کرانا ہوگا، مقدمات سے کلیئر ہوئے بغیر حکومت کسی انتظامی اختیار سے انہیں رہا نہیں کرسکتی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مجھ سمیت مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کو انتقامی ہتھکنڈوں کا نشانہ بنایا، ہم نے ان جھوٹے اور بوگس مقدموں کے ردعمل میں امریکی کانگریس میں جاکر ان کے کانگریس مین اور سینیٹرز کے پاؤں نہیں پکڑے تھے، نہ ہم نے برطانوی ہاؤس آف لارڈز میں کسی کے آگے ہاتھ باندھ کر استدعا کی تھی، نہ ہی ہم نے اقوام متحدہ یا کسی بین الاقوامی فورم پر جاکر پاکستان کے خلاف اپنا مقدمہ پیش کیا تھا۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے اپنے گھر کی جنگ گھر کے اندر قانون اور عدالت کے ذریعے لڑی تھی اور پھر ایک ایک کر کے ہمیں ان مقدمات میں ضمانتیں ملیں اور عمران خان کے دور میں ملیں اور وہ مقدمات جھوٹے ثابت ہوئے، ہم نے کبھی عمران خان سے مطالبہ نہیں کیا تھا کہ ہمیں رہا کیا جائے، ہم نے اپنے کیس عدالتوں میں لڑے تھے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان سمجھتے ہیں کہ وہ بے گناہ ہیں اور ان کے خلاف مقدمات جھوٹے ہیں تو اس کا راستہ یہ نہیں کہ وہ ملک کے اندر توڑ پھوڑ کریں اور ملک کی بدنامی کے لیے بین الاقوامی سطح پر مہم چلائیں، اس کا راستہ یہ ہے کہ آپ عدالتوں میں اپنی بے گناہی ثابت کریں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے مزید کہا کہ اگر عمران خان کے خلاف درج توشہ خانہ کیس اور القادر ٹرسٹ کیس کا جائزہ لیں تو ان میں ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، ان مقدمات کے ٹرائلز کا جائزہ لیں تو عمران خان اور ان کے وکلاء کی ٹیم مسلسل ان مقدمات کے ٹرائلز میں التوا کے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے، ان کو معلوم ہے ٹرائل مکمل ہوا تو ان کو سزا ہو گی۔