اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال چودھری نے کہا ہے کہ دشمنوں کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہورہی، جب بھی ملک ترقی کرنے لگتا ہے یہ احتجاج اور دھرنا دینا شروع کر دیتے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے دانیال چودھری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ملنے والے تحائف بیچے، ایس سی او کو ناکام کرنے کے لیے بھی انہوں نے کوئی کسرنہیں چھوڑی، بشریٰ بی بی کا حالیہ بیان قابل مذمت ہے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی والے چاہتے ہیں کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات خراب ہوں، ان کو معلوم ہے ہمارے سعودی عرب سے تجارتی تعلقات آگے جا رہے ہیں، یہ ان تجارتی تعلقات کو خراب کرنا چاہتے ہیں، پاکستان جب ترقی کرنے لگتا ہے یہ کچھ ایسا کرتے کہ سبوتاژ کریں۔
دانیال چودھری نے مزید کہا ہے کہ یہ پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کرتے ہیں، وزیر اعظم نے بجلی کے صارفین کے لیے ریلیف پیکج دیا۔