تعلیم و صحت ترجیح، بلوچستان کو پڑھے لکھے لوگوں کی ضرورت ہے: سرفراز بگٹی

Published On 27 November,2024 05:08 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کو پڑھے لکھے لوگوں کی ضرورت ہے، اس لیے تعلیم و صحت ہماری ترجیح ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر جاوید کی کتاب نہیں پڑھ سکا، ڈاکٹر جاوید نے محنت کی جس پر خوشی محسوس ہوئی، آنے والی نسل شائد کتاب کی طرف جائے، جب میں پہلی مرتبہ سکول گیا تو وہ گرلز سکول تھا۔

انہوں نے کہا کہ پشین میں 100 بند سکولوں کو کھولا گیا، پہلے دن کہا تھا نوکری نہیں بیچنے دوں گا، پہلے دن کہا تھا نوکریاں میرٹ پر دیں گے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ گورننس کے نظام کو بہتر کر رہے ہیں، اس میں کوئی شک نہیں مری اور بگٹی قوم دو نمبری میں پہلے نمبر پر ہے، جو ناراض ہوتا ہے بے شک ہو جائے مجھے فرق نہیں پڑتا۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم پر ظلم کسی اور کے نہیں بلکہ ہم نے خود کیا، باہر سے ہونے والے ظلم کا ذکر کیا جاتا ہے لیکن خود کے کئے گئے مظالم کا ذکر نہیں کرتے، جو قومیں اساتذہ کو قتل کرتی ہیں وہ اچھی قومیں نہیں ہوتیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ محکمہ فشریز میں 220 ارب روپے کی غیر قانونی ٹرالنگ ہو رہی، بیڈ گورننس پر قابو پالیا تو مارا ماری ختم ہو جائے گی، بلوچستان کو پڑھے لوگ چاہئیں۔