ملک ریڈ سے نکل کر گرین زون میں آچکا ہے: احسن اقبال

Published On 03 December,2024 04:44 pm

ٹھٹھہ :(دنیا نیوز) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان ریڈ زون سے نکل کر گرین زون میں آچکا ہے۔

ٹھٹھہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کوسٹل ہائی وے منصوبے کا معائنہ کرنے کے لئے میں یہاں آیا ہوں، یہ منصوبہ سندھ حکومت نے شروع کیا اور 37 کلو میٹر وفاقی حکومت کے تعاون سے مکمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت مقامی حکومت سے ملکر سندھ کی ترقی کے لئے خاص طور پر ساحلی علاقوں کی ترقی کے لئے کام کر رہی ہے، سمندر تیزی سے ہزاروں ایکڑ اراضی کو نگل چکا ہے، یہ منصوبہ سندھ کے ساحلی علاقوں کی زمینیں سمندر برد ہونے سے بچانے میں اہم ثابت ہوگا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت کوشش کر رہی ہے کہ پسماندہ علاقوں کو ترقی دلوائیں، پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میثاق جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگ ایک دوسرے کے حریف ہوسکتے ہیں ،تاہم ملکی سالمیت کے لیے حلیف ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 2018 سے پہلے ہم ایک دوسرے کے حریف تھے، لیکن پاکستان پر مشکل وقت آیا تو ایک دوسرے کا ساتھ دیا، 2023 میں بھی الیکشن الگ لڑا، لیکن پاکستان کو مستحکم کرنے کے لیے پھر ہم ایک ساتھ کھڑے ہیں، اتحادی حکومت کے باعث پاکستان ریڈ زون سے نکل کر گرین زون میں آچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب ہم کسی کو ریڈ زون میں لے جانے کی اجازت نہیں دیں گے، اس وقت ملکی معیشت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے، 24 نومبر سے عوام نے دھرنے کی سیاست کو ہمیشہ کے لئے دفن کر دیا، وفاقی حکومت تمام صوبوں کے ساتھ مل پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے کام کرے گی۔

احسن اقبال نے کہا کہ 1991 میں وفاقی حکومت نے تمام صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر پانی کے معاہدے پر دستخط کئے، 1991 کے پانی معاہدے کے بعد کوئی بھی کسی کا پانی نہ چرا سکتا نہ ہی ڈاکہ ڈال سکتا ہے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ایک دن کے احتجاج نے پاکستان کی معیشت کو پیچھے دھکیل دیا، احتجاج ختم ہوتے ہی معیشت میں ریکارڈ تیزی آگئی۔