لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست پر وزارت پٹرولیم اور اوگرا سے جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف کیس پر سماعت کی، درخواست گزار شہری منیر احمد کے وکیل اظہر صدیق نے دلائل دیئے۔
دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے موقف اپنایا کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ترین سطح پر ہیں، حکومت نے عالمی مارکیٹ کے برعکس پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کیا، حکومت کو عوامی مشکلات میں اضافے کا کوئی استحقاق حاصل نہیں ہے۔
وکیل اظہر صدیق نے کہا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا، عدالت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کالعدم قرار دے۔
بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی وزارت پٹرولیم اور اوگرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔