اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بشریٰ بی بی سے ضمانت منسوخی کی درخواست پر جواب طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بشریٰ بی بی کی ضمانت منسوخی کیلئے ایف آئی اے کی درخواست پر سماعت کی، ایف آئی اے پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی عدالت پیش ہوئے۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی اسلام آباد ہائیکورٹ سے ملنے والی ضمانت کا غلط استعمال کر رہی ہیں، بشریٰ بی بی ٹرائل کورٹ کی اکثر سماعتوں میں پیش نہیں ہو رہیں۔
عدالت عالیہ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت منسوخی کی درخواست پر بشریٰ بی بی کو نوٹس جاری کر کے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا اور درخواست پر مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔