راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل یسطور الحق ملک کو لاہور میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یسطور الحق مرحوم کے نماز جنازہ میں مسلح افواج کے ریٹائرڈ و حاضر سروس افسران اور سویلینز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ صدر مملکت، وزیر اعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، مسلح افواج کے سربراہان اور بحریہ کے افسران و جوانوں کی جانب سے ایڈمرل یسطور الحق ملک کی قبر پر پھولوں کی چادریں رکھی گئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ایڈمرل یسطور الحق ملک نے 1954 میں پاک بحریہ میں کمیشن حاصل کیا،انہوں نے 1965 اور 1971 کی پاک بھارت جنگوں میں بھی حصہ لیا، مرحوم ایڈمرل 1988 سے 1991 تک پاک بحریہ کے سربراہ رہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ مرحوم سابق نیول چیف نے بطور کمانڈر پاکستان فلیٹ، وائس چیف آف دی نیول سٹاف اور چیئرمین پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن بھی فرائض سرانجام دیے۔