لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جیلانی پارک میں گل داؤدی اور پی ایچ اے کمرشل نرسری کا افتتاح کیا اور گل داؤدی کی مختلف اقسام کا مشاہدہ کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے خوبصورت آسٹریلین طوطے دیکھ کر اظہار مسرت کیا، اس موقع پر مریم نواز نے مختلف سٹال دیکھے جبکہ عوام کو کھانے پینے کی اشیاء رعایتی نرخ پر مہیا کرنے کی ہدایت کی۔
مریم نواز نے گل داؤدی کی مختلف رنگا رنگ اقسام میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے گل داؤدی سے بننے مختلف ماڈلز کا معائنہ کیا، مریم نواز نے گل داؤدی سے بنے اونٹ کے ماڈل اور پھولوں سے لدی بگھی کے سامنے تصویر بھی بنوائی۔
وزیر اعلیٰ نے سٹالز سے چائے بنوائی اور پودوں کا جائزہ لیتے ہوئے ”پیس للی“ اور ایئر پلانٹ کے پودوں میں دلچسپی کا اظہار کیا، انتظامیہ کی جانب سے انہیں زیتون کے مقامی پودے بھی دکھائے گئے جبکہ وزیر اعلیٰ کو”انار، بون سائی“کے پودے کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔
مریم نواز شریف اور دیگر مہمانوں نے الیکٹرک کارٹ میں سواری بھی کی، مریم نواز کا کہنا تھا کہ پھول امن اور محبت کی علامت ہیں، لاہور اور دیگر شہروں کے لوگ گل داؤدی کی نمائش دیکھنے ضرور آئیں۔
اس موقع پر مریم نواز کو ڈی جی پی ایچ اے محمد طاہر وٹو نے گل داؤدی نمائش بارے بریفنگ دی، گل داؤدی کی نمائش جیلانی باغ لاہور میں 10 روز تک جاری رہے گی۔
مریم نواز کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نمائش میں 200 کے قریب نایاب اور منفرد اقسام کے گل داؤدی کے رنگ برنگے پھول رکھے گئے ہیں، ہر شام کے اوقات میں برقی قمقوں سے سجی لائٹ شو بھی پیش کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دی گئی کہ گل داؤدی کی نمائش کی تیاری کیلئے پی ایچ اے کی نرسریوں میں ایک سال تک نگہداشت کی جاتی ہے، اس پھول کی عمر 15 سے 20 دن ہوتی ہے جبکہ دسمبر کے پہلے ہفتے یہ نایاب پھول اپنے جوبن پر ہوتا ہے۔