چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت جوڈیشل کمیشن کے 2 اجلاس آج طلب

Published On 06 December,2024 10:28 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کے 2 اجلاس آج طلب کر لئے گئے۔

جوڈیشل کمیشن کے ایک اجلاس میں سندھ اور پشاور ہائیکورٹ کے ججز تقرری کا معاملہ زیر غور آئے گا، اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ میں ججز تقرریوں کیلئے 13 ناموں پر غور کیا جائے گا جبکہ پشاور ہائیکورٹ کیلئے تین ایڈیشنل سیشن ججز اور 6 وکلا کے نام زیر غور آئیں گے۔

دوسرے اجلاس میں جسٹس شاہد بلال کی آئینی بنچ میں شمولیت پر غور کیا جائے گا، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس امین الدین اور جسٹس جمال مندوخیل جوڈیشل کمیشن کا حصہ ہیں۔

اجلاس میں وزیر قانون، اٹارنی جنرل، ممبر پاکستان بار اختر حسین، سینیٹر فاروق ایچ نائیک، شیخ آفتاب، خاتون ممبر روشن خورشید، اپوزیشن سے سینیٹر علی ظفر اور بیرسٹر گوہر علی خان شریک ہوں گے۔

واضح رہے کہ جسٹس منصور علی شاہ کے جوڈیشل کمیشن اجلاس مؤخر کرنے کیلئے گزشتہ روز دو خطوط سامنے آئے تھے، جسٹس منصورعلی شاہ کی جانب سے ایک خط چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور دوسرا خط جوڈیشل کمیشن کو لکھا گیا تھا۔

جسٹس منصور علی شاہ نے اپنے خطوط میں رولز بنائے بغیر ججز تعیناتی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔