سیاسی استحکام کے لیے جماعتیں سرجوڑکربیٹھیں: رانا ثنا اللہ

Published On 06 December,2024 10:21 pm

اسلام آباد :(دنیا نیوز) مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ سیاسی استحکام کے لیے جماعتیں سرجوڑکر بیٹھیں۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ موجودہ سیٹ اپ کووقت دیا جائے، آج پاکستان اکنامک بحران سےنکل آیا ہے، اس کوہٹادیں،اس کولےآئیں ملک اس کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی استحکام کے لیے سیاسی جماعتیں سرجوڑکربیٹھیں، جب تک سرجوڑ کر نہیں بیٹھیں گے، سیاسی استحکام نہیں آئے گا، ملک کو قومی حکومت نہیں، سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔

مشیر سیاسی امور نے کہا کہ  مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی کی لیڈرشپ نے سیاسی ڈائیلاگ شروع کرنا ہے، ادارے نےتو کلیئر کر دیا تھا کہ ڈائیلاگ سیاسی جماعتوں نےکرنےہیں۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا سے مجھے ہمدردی ہے، وہ سسٹم کےلاڈلے ہیں، کچھ لوگ سسٹم کےلاڈلے ہوتے ہیں وہ لاڈیاں کرتے ہیں، سسٹم کے لاڈلے سے گھبراہٹ نہیں ہونی چاہیے، فیصل واوڈا سسٹم سے باہر نہیں جا سکتے، ان  کو سینیٹر بنا کر ہم بھول گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیصل واوڈا نےہمیں اپنی یاد تودلانی ہے، میں وزیراعظم سےکہوں گا فیصل واوڈا کوبلائیں اوران کا خیال کریں، مولانا فضل الرحمان کا گلہ دور کر دیں گے، مذاکرات کی مشروط پیشکش کے بعد بات چیت کیسے ہوسکتی ہے۔

مشیر سیاسی امور کا مزید کہنا تھا کہ جو لوگ جیلوں میں ہیں ان کی رہائی عدالتوں سے ہونی ہیں، یہ بتائیں278 لاشیں کہاں ہیں جن کے بارے میں کہا گیا تھا کہ قتل کیا گیا ہے، ہم نے مذاکرات کا دروازہ بند نہیں کیا، اگر سول نافرمانی کی تحریک چلائی گئی تو وہ بری طرح ناکام ہو گی۔