ملک کا آئین تمام قومیتوں کو مساوی حقوق دیتا ہے: اعظم نذیر تارڑ

Published On 07 December,2024 02:22 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر قانون، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ آئین پاکستان ملک میں بسنے والی تمام قومیتوں کو مساوی حقوق فراہم کرتا ہے۔

وفاقی وزیر قانون، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے وزارت اطلاعات و نشریات اور پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (پی این سی اے) کے تعاون سے ”دی اسلام آباد کرسچین فیلوشپ‘‘ کے زیراہتمام کرسمس کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے بھی اقلیتوں کو مساوی حقوق کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اقلیتی برادری کے دیرینہ مطالبہ پر وزارت قانون نے پہلے قومی اقلیتی کمیشن کے قیام کا مسودہ وفاقی کابینہ کو پیش کر دیا ہے جو کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کیلئے خوشی کی خبر ہے۔

وزیر قانون نے کہا کہ مسیحی برادری پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کیلئے کرسمس کے موقع پر خوشی کی خبر بھی شیئر کرنا چاہتا ہوں کہ اقلیتوں کے دیرینہ مطالبہ پر پہلا قومی اقلیتی کمیشن تشکیل دیا جا رہا ہے جسے گزشتہ روز وفاقی کابینہ میں پیش کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلا قومی اقلیتی کمیشن مکمل بااختیار ہو گا تاکہ قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے، انہوں نے کہا کہ ”دی اسلام آباد کرسچین فیلوشپ‘‘کو اس کامیاب تقریب کے انعقاد اور مسیحی برادری کو ان کے مذہبی تہوار کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔