لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کا تحفظ اور فروغ مسلم لیگ (ن) کا ویژن اور اولین ترجیح ہے۔
انسانی حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہر انسان رنگ، نسل، مذہب، جنس یا حیثیت سے بالاتر انسانی حقوق رکھتا ہے، دین اسلام انسانی حقوق کا سب سے بڑا داعی ہے، انسانی حقوق کا احترام معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کا سنگِ بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کا تحفظ اور فروغ مسلم لیگ (ن) کا ویژن اور اولین ترجیح ہے، تعلیم، صحت، مذہبی آزادی، اظہارِ رائے اور بنیادی ضروریات تک رسائی یقینی بنا رہے ہیں، حکومت پنجاب انسانی حقوق کی پاسداری کیلئے سرگرم ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایسے معاشرے کی تشکیل چاہتے ہیں جہاں ہر شہری کو مساوی مواقع، انصاف اور عزت حاصل ہو، انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے معاشرے میں محبت، احترام اور رواداری کو فروغ دیں یہی راستہ خوشحالی کی طرف جاتا ہے۔