وفاقی کابینہ کا اجلاس: شام میں پھنسے پاکستانیوں کو براستہ بیروت واپس لانے کا فیصلہ

Published On 10 December,2024 05:29 pm

اسلام آباد :(دنیا نیوز) وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شام میں پھنسے پاکستانیوں کو براستہ بیروت وطن واپس لانے کا فیصلہ کیا گیا۔

وفاقی دارالحکومت میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس کے بعد وزیراعظم ہاؤس نے وفاقی کابینہ کے ارکان کی جانب سے ہونے والے فیصلوں کے متعلق اعلامیہ جاری کردیا۔

اعلامیہ کے مطابق شام کی تازہ صورتحال کے تناظر میں وہاں سے پاکستانیوں کے انخلاء کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جبکہ بریفنگ میں بتایا گیا کہ شام میں موجود 250 پاکستانی زائرین میں سے 79 بیروت پہنچ چکے، بیروت سے ان کو پاکستان واپس لایا جائے گا۔

اسی طرح وفاقی کابینہ کو بریفنگ آگاہ کیا گیا کہ شام میں 20 کے قریب اساتذہ اور طالب علموں میں سے 7 اساتذہ بھی بیروت پہنچ چکے ہیں، شام اور لبنان میں پاکستانی سفارت خانہ حکام پاکستانیوں کی شام سے بحفاظت واپسی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

اعلامیہ میں یہ بھی بتایا گیا کہ وفاقی کابینہ نے بگاس (bagasse ) سے چلنے والے آٹھ انڈیپینڈنٹ پاور پلانٹس کے ساتھ سیٹلمنٹ معاہدوں کی منظوری دے دی ، ان معاہدوں کی منظوری کے بعد سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی ان پاور پلانٹس سے پیدا ہونے والی بجلی کے ٹیرف میں کمی کے حوالے سے نیپرا سے رابطہ کرے گی۔

دوسری جانب اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معاہدوں کے بعد عام صارفین کے لئے بجلی کی قیمت میں کمی جبکہ قومی خزانے کو 238 بلین روپے کا فائدہ ہو گا، حکومت عام آدمی کے لئے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، ہمارے ہر فیصلے اور اقدام میں قومی مفاد مقدم رہنا چاہیے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ملک میں نجی شعبے اور صنعتوں کا فروغ حکومتی کی اولین ترجیح ہے، مذکورہ پاور پلانٹس میں جے ڈی ڈبلیو یونٹ I ، یونٹ II، آر وائے کے ملز، چنیوٹ پاور، حمزہ شوگر، المعیز انڈسٹریز، تھل انڈسٹریز اور چنار انڈسٹری شامل ہیں ۔

وفاقی کابینہ نے ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا کے بورڈ میں بریگیڈیئر عاصم بشیر وڑائچ کی بطور ممبر پروڈکشن کنٹرول تعیناتی کی منظوری دے دی، وفاقی کابینہ نے وزارت انسانی حقوق کی سفارش پر نیشنل کمیشن برائے سٹیٹس آف ویمن فنڈ کے قیام کی منظوری دے دی۔