اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان جے یو آئی پاکستان اسلم غوری نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری کے مدارس ایکٹ پر اعتراضات حیران کن ہیں، صدر مملکت کے اعتراضات کا طریقہ قانون کے مطابق نہیں۔
ترجمان جے یو آئی پاکستان اسلم غوری کا کہنا تھا کہ صدر مملکت کے اعتراضات آئین میں دی گئی مدت کے اندر نہیں، اعتراضات قسطوں میں کئے گئے، ایک بار اعتراضات کئے ان کا جواب دیا گیا، دوبارہ اعتراضات کا حق نہیں۔
اسلم غوری نے کہا کہ اعتراضات سپیکر قومی اسمبلی کو بھیجنے چاہئیں تھے، ان کے پاس یہ اعتراضات نہیں بھیجے گئے۔ جو اعتراض سپیکر کو بھیجا گیا تھا، اس کا جواب دے دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: مدارس رجسٹریشن بل پر صدر مملکت کے اعتراضات سامنے آ گئے
ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ سپیکر آفس کے جواب پر ایوان صدر نے اپنے اعتراضات پر دوبارہ زور نہیں دیا، صدر کی جانب سے مجوزہ ترمیم پر اعتراض کے ساتھ تجاویز اور حل بھی بھیجا جاتا ہے۔
اسلم غوری نے کہا کہ مدارس بل میں کوئی تجاویز اور حل نہیں بتایا جا رہا، لگتا ہے کہ ایوان صدر بیرونی دباؤ کا شکار ہے۔