ایتھنز: (دنیا نیوز) یونان کشتی حادثہ، یونانی کوسٹ گارڈ نے ریسکیو آپریشن ختم کرکے لاپتہ افراد کو مردہ قرار دے دیا۔
یونان کشتی حادثہ میں 40 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ہے، حادثے میں 5 پاکستانیوں کی اموات کی تصدیق ہو چکی، جاں بحق افراد میں پسرور کے 4 نوجوان بھی شامل ہیں، سفیان، عابد، شبیر اختر اور زین علی بے رحم لہروں کی نذر ہوئے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ کے مطابق جاں بحق افراد کے لواحقین نے ایجنٹوں کیخلاف مقدمات درج کرا دیئے، گوجرانوالہ سرکل کے 30 افراد کشتیوں پر سوار تھے، 26 کو سمندر سے زندہ نکالا گیا، کشتی حادثہ کے بعد ایف آئی اے متحرک ہے، متعدد مقدمات درج کرکے تابڑ توڑ کارروائیاں شروع کردیں۔
پھالیہ سے حسن نامی ایجنٹ کو گرفتار کرلیا گیا، ایف آئی اے گوجرانوالہ میں گرفتار ملزموں کی تعداد 3 ہوگئی، واضح رہے تین روز قبل یونان کے جزیرہ کریٹ کے جنوب میں کشتیاں الٹنے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے بعد درجنوں افراد لاپتہ تھے، کشتی حادثہ میں ریسکیو افراد میں 47 پاکستانی بھی شامل تھے۔
یاد رہے گزشتہ دو سال میں غیر قانونی سمندر عبور کرنے کی کوشش میں 330 پاکستانی جانیں گنوا چکے ہیں۔