پاکستانی میزائل سے امریکا بھی محفوظ نہیں: امریکی نائب مشیر قومی سلامتی

Published On 20 December,2024 06:49 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کے نائب مشیر برائے قومی سلامتی جان فائنر نے کہا ہے کہ پاکستان کے میزائل سے امریکا بھی محفوظ نہیں ہے۔

جان فائنر نے کہا ہے کہ پاکستان طویل فاصلے کے بیلسٹک میزائل بنا رہا ہے جو جنوبی ایشیا کے علاوہ امریکا تک اپنے اہداف کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ یہ بیلسٹک میزائل جوہری ہتھیاروں سے بھی لیس کیے جا سکتے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی نائب قومی سلامتی کے مشیر نے اسلام آباد کا طرز عمل طویل فاصلے تک اہداف کو نشانہ بنانے والے میزائل پروگرام کے مقاصد کے بارے میں شکوک شبہات کو جنم دیا ہے۔

قومی سلامتی کے مشیر کا کہنا تھا کہ صاف ظاہر ہے کہ پاکستان کا بیلسٹک میزائل پروگرام امریکا کے لیے خطرے کا باعث ہے۔

اسلحہ کے عالمی عدم پھیلاؤ کے نظام کو برقرار رکھیں گے: ویدانت پٹیل

دوسری جانب نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ویدانت پٹیل نے کہا کہ پاکستان اور امریکا اہم شراکت دار ہیں، پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام سے متعلق تحفظات واضح ہیں، امریکا اسلحہ کے عالمی عدم پھیلاؤ کے نظام کو برقرار رکھے گا۔