بابائے قوم قائداعظمؒ محمد علی جناح کا آج 148 واں یوم پیدائش منایا جا رہا ہے

Published On 25 December,2024 01:33 am

کراچی: (دنیا نیوز) ملت کا پاسباں ہے محمد علی جناح، بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کا آج 148 واں یوم پیدائش ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا۔

محمد علی جناحؒ 25 دسمبر 1876ء کو کراچی میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم سندھ مدرستہ الاسلام سے حاصل کی، پھر لندن سے قانون کی ڈگری لی، قائداعظمؒ نے سیاست کا آغاز انڈین نیشنل کانگریس میں شمولیت سے کیا۔

1913 ء میں محمد علی جناحؒ نے آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی، الگ مسلم ریاست کیلئے برصغیر کے مسلمانوں کی رہنمائی کی جس کے نتیجے میں برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک علیحدہ وطن کا قیام عمل میں آیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں:صدر مملکت اور وزیراعظم کا قائد اعظم کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت

یوم قائد کی مناسبت سے شہر شہر تقریبات میں بانی پاکستان کی انتھک جدوجہد، دانشمندی اور قیادت کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے، بابائے قوم کے یوم ولادت پر آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔

مزار قائد پر گارڈز تبدیلی کی تقریب

اس حوالے سے کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُر وقار تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب کے دوران ایئرفورس کا دستہ گارڈز کی ذمہ داری سرانجام دے کر قائداعظم کے مزار سے رخصت ہوگیا جبکہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے دستے نے مکمل طور پر گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔

اس موقع پر کمانڈنٹ ملٹری اکیڈمی کاکول میجر جنرل افتخار حسن چودھری (ہلال امتیار ملٹری) نے مزار قائد پر سلامی دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کے بعد مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کئے۔

دریں اثنا، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی صوبائی وزرا کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی اور بابائے قوم کی قبر پر پھول رکھے، اس موقع پر پاک بحریہ کے دستے نے معزز مہمانوں کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔