پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور کرم میں امن و امان کا قیام صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی خصوصی ہدایات پر صوبائی حکومت کی ہیلی کاپٹر سروس جاری ہے، کرم کا زمینی راستہ کھلنے تک ہیلی کاپٹرسروس جاری رہے گی، جمعرات کے روز ایم آئی 17 کی کرم کے لئے کل چھ پروازیں ہوئیں۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک ہیلی کاپٹرسروس سے مجموعی طور 613 افراد کو ایئر ٹرانسپورٹ سروس فراہم کی گئی، جرگہ ممبران کے علاوہ عام شہری جن میں بچے، خواتین، طلبہ اور مریض شامل ہیں کو سہولت فراہم کی گئی۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں کرم کے شہریوں کو درپیش مشکلات کا بخوبی احساس ہے، صوبائی حکومت کی کوشش ہے کرم کے عوام کو درپیش مسائل جلد سے جلد حل ہوں، امید ہے جلد کرم کے مسئلے کا پرامن حل نکل آئے گا اور وہاں زندگی معمول پر آئے گی۔
علی امین گنڈا پور کا مزید کہنا تھا کہ مسئلے کے پرامن اور قابل قبول حل کے لئے حتی الوسع کوششیں کررہے ہیں، فریقین اورعمائدین علاقے کے امن کی خاطر صوبائی حکومت کی کوششوں کا ساتھ دیں، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام اولین ترجیح اور ذمہ داری ہے۔