افغانستان ہمارا بھائی،ادب سے کہتے ہیں دھمکیاں نہ دے، طاہر اشرفی

Published On 30 December,2024 05:22 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہرمحمود اشرفی نے کہا ہے کہ افغانستان ہمارا بھائی،ادب سے کہتے ہیں دھمکیاں نہ دے۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ مدارس کی رجسٹریشن اہم قدم ہے، ملک بھر میں18ہزارسےزائد مدارس کی رجسٹریشن ہوچکی ہے، اگر کسی نے وزارت تعلیم کےساتھ نہیں جانا وہ نہ جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت تعلیم سےبھی مدارس کی رجسٹریشن جاری ہے، وزارت تعلیم سے رجسٹریشن کو سب نےتسلیم کیا ہوا ہے، دونوں نقطہ نظر کو اس آرڈیننس میں تسلیم کیا گیا ہے۔

طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ جو وزارت صنعت کے ساتھ جانا چاہتے ہیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں، ہم کل اور آئندہ بھی مدارس کےچوکیدار رہیں گے۔

چیئرمین پاکستان علما کونسل نے کہا کہ پارا چنارکےحالات پرپورا ملک پریشان ہے، مسائل کا حل طاقت سے نہیں مذاکرات سے ہوتا ہے، شیعہ، سنی سب پاکستانی ہے، ہم کوشش کررہے ہیں، اگرضرورت پڑی تو پارا چنارجانے کے لیے تیار ہیں، ہم سب پاکستانی، آیئے!پاکستان زندہ باد کہتے ہوئے مسئلہ حل کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ کرم کے مسئلے پر تمام مکاتب فکرسےبات کرنے کو تیار ہیں، خیبرپختونخوا حکومت بھی کرم معاملے پر سنجیدگی دکھائے، کرم کا مسئلہ حل ہونا چاہیے، کرم سمیت کسی بھی جگہ غیرقانونی اسلحہ نہیں ہونا چاہیے۔

طاہراشرفی نے کہا کہ افغانستان ہمارا بھائی، ادب سے کہتے ہیں دھمکیاں نہ دے، پاکستانیوں کو شہید کرنے والے افغانستان کی پناہ میں کیوں ہیں؟ ہمیں طالبان کی حکومت سے یہ توقع نہیں تھی، پاکستان کوئی کمزورملک نہیں ایٹمی قوت ہے، پاکستان میں سیاسی اختلافات ہوں گے لیکن وطن کے لیے سب متحد ہے، ہم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔