کراچی: (دنیا نیوز)شہر قائد کے علاقے نمائش چورنگی پر پاراچنار کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے جاری دھرنے کے دوران صورتحال کشیدہ ہوگئی۔
مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر 6 روز سے احتجاجی دھرنے جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق مشتعل مظاہرین نے 4 موٹرسائیکلوں کو آگ لگا دی جبکہ 3 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگئے، زخمی پولیس اہلکاروں میں اسٹیشن ہاؤس انسپیکٹر (ایس ایچ او) پاک کالونی اور 2 کانٹیبلز شامل ہیں۔
پولیس نے نمائش چورنگی کا کنٹرول سنبھال لیا اور احتجاج کرنے والون کا ٹینٹ اکھاڑ دیا جبکہ اہلکاروں پر اطراف کی گلیوں سے پتھراؤ بھی کیا گیا، رضویہ سوسائٹی میں بھی پولیس نے مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران شیلنگ کی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ روز 13 مقامات پر دیئے جانے والے دھرنوں میں سے 6 مقامات پر ٹریفک کی روانی بحال کردی گئی تھی۔
ان 6 مقامات میں جوہر موڑ سے جوہر چورنگی جانے والا راستہ، فائیو اسٹار چورنگی، شمش الدین عظیمی روڈ، ناظم آباد میں نواب صدیق علی خان روڈ، انچولی اور عائشہ منزل شامل ہیں۔
خیال رہے کہ کراچی میں مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے 8 روز سے جاری دھرنے آج پولیس کی کارروائی کے باوجود ختم نہ ہوسکے، عباس ٹاؤن سمیت 6 مقامات پر دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے۔
پولیس کی کارروائی کے بعد کراچی میں ایم ڈبلیو ایم کی کال پر پاراچنار کے دھرنے سے اظہار یکجہتی کے لیے دھرنوں کا دوبارہ آغاز ہوا، نمائش چورنگی پرمرکزی دھرناجاری ہے اورپولیس کی بڑی تعداد دھرنےکے اطراف موجود ہے۔