کسی کو ایپکس کمیٹی کی کارروائی پر تبصرہ نہیں کرنا چاہئے: احسن اقبال

Published On 03 January,2025 07:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے نیشنل ایپکس کمیٹی میں 26 نومبر کا معاملہ اٹھانے کے دعویٰ پر وفاقی وزیر احسن اقبال کا ردِ عمل سامنے آ گیا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ ایک ضابطہ کار ہے کہ ایپکس کمیٹی اجلاس کی کارروائی خفیہ ہوتی ہے، کسی کو بھی ایپکس کمیٹی کی کارروائی پر تبصرہ نہیں کرنا چاہئے۔

احسن اقبال نے کہا کہ علی امین گنڈاپور ہمارے محترم ہیں، ان کی مشکل کا ہمیں احساس ہے، امین گنڈا پور کو دو کشتیوں میں چلنا پڑتا ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ ایک طرف وزیر اعلیٰ، دوسری طرف اپنی پارٹی کو بھی خوش رکھنا ہے، کچھ بیانات سیاسی ہوتے ہیں اور کچھ کام ہوتا ہے جو سرکاری ہوتا ہے۔

احسن اقبال سے صحافی نے سوال کیا کہ کیا تحریک انصاف کے دونوں مطالبات جائز ہیں، جس پر احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی کے مطالبات جائز ہیں یا نہیں فیصلہ مذاکراتی کمیٹی کرے گی۔