لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیراطلاعات و رہنما مسلم لیگ ن عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب گڈگورننس ،میرٹ اور کارکردگی میں تمام صوبوں سے لیڈ کررہا ہے۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مریم نواز پنجاب کا پیسہ پنجاب کے عوام پر خرچ کررہی ہیں ، پنجاب کا پیسہ وفاق پر چڑھائی کے لیے خرچ نہیں ہو رہا، مریم نواز جانوروں کے ساتھ سیاسی بونوں اور سیاسی نیم پاگلوں کا بھی علاج کریں گی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اب جعلی پیری مریدی کا کاروبار چلانے والوں کے بچے بھی مریم نواز کو طعنے دینگے، مریم نواز کی چند ماہ کی کارکردگی باقی صوبوں کے لیے مثال ہے، پنجاب میں کام ہورہا ہے اور نظر بھی آرہا ہے، مریم نواز کی کارکردگی سے حسد وہ کررہے ہیں جو کئی سالوں سے حکومتوں میں بیٹھے ہیں۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ مریم نواز صوبے کے وسائل سے لوگوں کو سکالرشپس،گرین ٹریکٹرز اور کسان کارڈ دے رہی ہیں، ایک جماعت ایک صوبے میں 16سال سے اور دوسری 12سال سے اقتدار میں ہے، ان دونوں سے کارکردگی کا پوچھیں تو مظلومیت کارڈ اور ذاتیات کارڈ کھیلنا شروع کردیتے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ جو کارکردگی سے مقابلہ نہیں کرسکتے وہ زبان درازی میں مقابلہ کرنا چاہتے ہیں، نوازشریف کے ویژن اور انکی لیڈرشپ میں پاکستان آگے بڑھ رہا ہے، شہبازشریف اور مریم نواز کی انتھک محنت سے لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں آئی ہیں، مشکل وقت گزر چکا اب ترقی اور خوشحالی کا دور شروع ہورہا ہے۔