190ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان سزا سے نہیں بچ سکتے: فیصل واوڈا

Published On 12 January,2025 05:37 pm

کراچی :(دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر اور سینیٹرفیصل واوڈا نے کہا ہے کہ190ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان سزا سے نہیں بچ سکتے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹرفیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما عمران خان کےخلاف سازشوں میں ملوث ہیں اور خود بانی کوجیل میں رکھنا چاہتےہیں۔

انہوں نے کہا کہ پروپیگنڈا کیا گیا عمران خان سےبیک ڈور مذاکرات ہو رہےہیں، کہا گیا بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ مذاکرات کو لیڈ کر رہی ہیں۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 190ملین پاؤنڈ سےمتعلق بانی کوکہا تھا یہ نہ کریں، بانی پی ٹی آئی نے دستخط کیے تھے، کس نےیہ کروایا تواب کوئی نہیں مانے گا، ساڑھےچارسال پہلے جرم آپ نے کیا اس وقت بھی عمران خان کوروکا تھا۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی نےغنڈہ گردی اوردھرنے کرکے دیکھ لیے، کوئی فائدہ نہیں ہوا، بانی پی ٹی آئی سےبارہا کہا کہ حواری آپ کونہ صرف قید میں رکھنا بلکہ مروانا چاہتےہیں،بیرون ممالک کے دباؤ کا جوپروپیگنڈا کیا جارہا تھا وہ تھم گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو190ملین پاؤنڈ کیس میں سزا ضرورہوگی، 190ملین پاؤنڈ اوپن اینڈ شٹ کیس ہے، پی ٹی آئی کو20جنوری کومایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا، یہ واضح ہےکہ نہ بیرونی دباؤ ہے اور نہ بیک ڈورمذاکرات ہو رہے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ مقبول ہونے کا مطلب قانون سے بالاتر ہونا نہیں ہے، مذاکرات کا سب سے بڑا حامی ہوں، جمہوریت کا حسن ہی بات چیت ہے، مذاکرات میں بےایمانی نہیں ہونی چاہیے، پی ٹی آئی والے مذاکرات کے مزے لے رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کوکوئی ایگزیکٹوآرڈرنہیں ملےگا۔

فیصل واوڈا کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے مذاکرات کرکے فارم47 والی حکومت کو قانونی جوازدے دیا ہے، پی ٹی آئی در در پر کشکول لے کربھیک مانگ رہی ہے، آرمی چیف کی بدولت پاکستان کوکامیابی حاصل ہونے جا رہی ہے، پاکستان کےلیےآئندہ چند دنوں میں بہت بہتری آنےوالی ہے۔