کراچی :(دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمارے صوبے میں بچوں کی شرح اموات دوسرے صوبوں سے کم ہیں، تھر کی خبروں کو زیادہ اچھالا جاتا ہے۔
ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ کو ہمیشہ وفاق سے وسائل کی کمی کا سامنا رہا ہے، تاہم پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ میں صوبے نے وفاق کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، سندھ حکومت اپنے عوام کو صحت کی مفت اور معیاری سہولیات فراہم کررہی ہے، جسے عالمی سطح پر تسلیم کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں بچوں کی شرح اموات کے حوالے سے بات کی جاتی ہے اور تھر میں ہونے والی اموات کو خبروں میں زیادہ اچھالا جاتا ہے، حالانکہ ہمارے صوبے میں بچوں کی شرح اموات 1.2 فیصد ہے جبکہ دیگر صوبوں میں 1.4 فیصد ہے۔
بلاول بھٹو زردای کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت بچوں کی صحت سے متعلق انقلابی اقدامات کررہی ہے، جو سفر 2010 میں شروع ہوا تھا وہ آج بھی جاری ہے، چائلڈ لائف منصوبہ 2010 میں شروع کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے صحت کے شعبے میں نمایاں کام کیا، آج ہر تحصیل میں ٹیلی میڈیسن کی سہولت موجود ہے، ہم عوام کی خدمت کا یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی آف کیلی فورنیا نے اپنی رپورٹ میں بچوں کی شرح اموات میں کمی کو تسلیم کیا، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا جو سفر سندھ نے شروع کیا وہ دوسرے صوبوں کے لیے مثال ہے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد صوبوں کو صحت کے اداروں کو سنبھالنے کی ذمہ داری دی گئی، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ بینظر بھٹو نے متعارف کرائی تھی، فخر سے کہتا ہوں کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ میں وفاق ہم سے پیچھے ہے۔