پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف سے اہلسنت واہل تشیع وفود نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
ملاقات کے دوران فریقین نے امن معاہدے کے نفاذ میں حائل رکاوٹوں پر تبادلہ خیال کیا، فریقین نے بیرسٹر ڈاکٹر سیف کو اپنے اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کیا، مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے فریقین کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
دونوں وفود نے کرم معاملے پر حکومت کو مکمل تعاون کا یقین دلایا اور قیام امن کے لئے حکومتی فیصلوں کا خیر مقدم کیا۔
فریقین نے بنکرز کی مسماری سمیت تمام حکومتی فیصلوں پر عملدرآمد کا اعادہ بھی کیا۔
اس موقع پر بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ کرم میں امن کا قیام دونوں فریق اور عوام کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں، کرم کے عوام کو حکومت کا ساتھ دینا ہوگا، دونوں فریق اور عوام شر پسند عناصر سے دور رہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں پائیدار امن کی خاطر بنکرز کی مسماری کا عمل جاری ہے، دونوں فریقین کے بنکرز بلاتفریق مسمار کئے جا رہے ہیں، کرم کے لئے امدادی سامان کا بڑا قافلہ عنقریب روانہ کیا جائے گا۔