علی پور چٹھہ (دنیا نیوز) سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی میں ہونے والے مذاکرات ان کی اپنی مرضی سے نہیں ہو رہے۔
سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی میں ہونے والے مذاکرات کے نتائج برآمد ہوتے نظر نہیں آ رہے، پی ٹی آئی میں بھی ایسے لوگ شامل ہیں جو مذاکرت کے خلاف ہیں، دونوں پارٹیاں صرف وقت گزارنا چاہتی ہیں۔، جماعت اسلامی ہمیشہ مذاکرات کی حامی رہی ہے
سراج الحق نے کہا کہ حماس کے معاہدے نے امریکہ اور اسرائیل کے عزائم پر پانی پھیر دیا ہے، قطر میں ہونے والے معاہدہ کو ہم خوش آئند سمجھتے ہیں، آج پورے ملک میں جماعت اسلامی نے یوم تشکر منانے کا اعلان کیا ہے۔
سابق امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ سیاست ڈائیلاگ اور صبر کا کام ہے جبکہ گزشتہ دس سالوں سے سیاست نہیں انتقام جاری ہے، اسمبلیوں میں گالیوں کو سیاست کا حصہ بنایا جو مہذب لوگوں کو زیب نہیں دیتا، بجلی کے بلوں میں اضافہ ظالمانہ ہے، یہ صرف آئی ایم ایف کے کہنے پر ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام ٹیکس بھی دیں گے اور حکومت کے ہاتھوں نچوڑے بھی جائیں گے، حکومت نے 25 کروڑ عوام کو آئی ایم ایف کا غلام بنایا ہے۔