اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، 20 جنوری کو حلف برداری تقریب ہو گی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کی منظوری سے وزارت قانون نے نوٹیفکیشن جاری کیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق راجہ انعام امین منہاس اور اعظم خان اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایڈیشنل جج تعینات ہو گئے ہیں۔
وزارت قانون کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ دونوں ججز کو ایک سال کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں تعینات کیا جاتا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو نئے ایڈیشنل ججز کی تقریب حلف برداری 20 جنوری 2025 بروز پیر کو ہوگی۔
چیف جسٹس عامر فاروق دونوں نئے ایڈیشنل ججز سے حلف لیں گے، محمد اعظم خان اور راجہ انعام امین منہاس پیر کو حلف اٹھائیں گے۔