کراچی:(دنیا نیوز)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ آئی پی پیز مافیا کے خلاف 31جنوری کو ملک بھر میں احتجاج اور دھرنے دیں گے۔
کراچی میں اپنے ایک بیان میں حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھاکہ احتجاجی تحریک کو ازسر نوشروع کیا جائے گا،دھرنوں میں ہی عوام کو آئندہ کاروڈ میپ دیا جائے گا، بجلی کے بل کم اور ناجائز ٹیکسز ختم کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول کی لیوی کم کی جائے، سرکاری مراعات ختم تنخواہ دار طبقے کو ریلیف اورجاگیرداروں پر ٹیکس عائد کیا جائے، ہر دور میں عوام کا خون نچوڑا جاتا ہے، جاگیرداروں، وڈیروں، مافیا کو کھلی چھوٹ دی جاتی ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں 140فیصد اضافہ شرمناک رویہ ہے ، قوم اس کا حساب لے گی۔
حافظ نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا ک حکومت کی جانب سے پیکا کے جاری کردہ ترمیمی آرڈیننس کو مسترد کرتے ہیں، آرڈی نینس آزادی اظہار رائے اور صحافت کا گلہ گھوٹنے کے مترادف ہے۔