اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے جاپان کے سفیر اکاماتسو سوچی کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات پائے جاتے ہیں، پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان، جاپان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کا خواہشمند ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، پاکستان دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین پارلیمانی تعلقات کو بڑھانے کا خواہاں ہے، دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی سطح پر وفود کے باقاعدہ تبادلوں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی فرینڈ شپ گروپس پاکستان اور جاپان کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، سپیکر نے جاپانی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے بھرپور مواقعوں سے استفادہ کرنے کی دعوت دی۔
سپیکر قومی اسمبلی نے جاپان اسمبلی کے سپیکر اور اراکین پارلیمنٹ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستان میں زراعت کے شعبے میں وسیع مواقع موجود ہیں، ہیروشیما اور ناگاساکی انسانی المیہ تھا جس کے انسانی زندگیوں پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ جاپان نے مشکل حالات میں ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا ہے، جاپان معاشی اور اقتصادی ترقی کے اعتبار سے دنیا کیلئے مثال ہے۔
جاپانی سفیر اکاماتسو سوچی نے سپیکر قومی اسمبلی کے جاپان سے متعلق تاثرات کو سراہا اور کہا کہ جاپان پاکستان کی اقتصادی صلاحیت کو سراہتا ہے، جاپان پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔
اکاماتسو سوچی نے کہا کہ جاپان پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے، جاپانی سفیر نے سپیکر سردار ایاز صادق کی تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی تجویز سے اتفاق کیا۔
جاپانی سفیر نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں جاپان کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔