عمران خان کا عظیم یوٹرن! میں بات چیت کیلئے حاضر ہوں:مصدق ملک

Published On 03 February,2025 09:31 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیرپٹرولیم ڈاکٹرمصدق ملک نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا عظیم یوٹرن ! میں بات چیت کیلئے حاضر ہوں۔

دنیا نیوز کے پروگرام ’’آن دی فرنٹ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا خاصہ یہ ہے کہ یوٹرن لینا ہی لیڈرشپ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پہلے کہا آرمی چیف باپ ہوتا ہےپھر نیوٹرل کہا، عمران خان نے پھر ملک میں سول نافرمانی تحریک شروع کی، اب کہہ رہا اللہ کے واسطے معافی دے دو،عمران خان کا عظیم ترین یوٹرن ہے کہ میں حاضرہوں مجھ سےبات کریں۔

وفاقی وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا کہ الیکشن کےبعد ہم نے عمران خان کو حکومت بنانےکی دعوت دی تھی، ملک میں جو بھی شخص نفرت پھیلائے گا وہ مقبول ہوگا، دنیا میں سب سےآسان کام نفرت بیچنا ہے، ہٹلر بھی بہت پاپولر تھا۔

مصدق ملک نے مزید کہا کہ ملک ڈیڑھ سال میں مہنگائی کی شرح38سےاڑھائی فیصد پرآ گئی ہے، کھانے پینے کی اشیا میں مسلسل کمی ہو رہی ہے،ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا  تھا کہ آئین میں ترمیم کرنا حکومت کا حق ہے۔