پورا ملک یک زبان، کشمیر بنے گا پاکستان، ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا

Published On 06 February,2025 01:16 am

لاہور: (دنیا نیوز) پورا ملک یک زبان، کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیریوں سے تجدید عہد کا دن، ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر بھر پور طریقے سے منایا گیا۔

کئی دہائیوں سے بھارتی مظالم کا سامنا کرتے نہتے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا عزم کیا گیا، شہر شہر ریلیاں اور تقریبات کا اہتمام کیا گیا، قابض فورسز کی بربریت کیخلاف سب ہم آواز ہوگئے، مقبوضہ وادی میں بھارتی ظلم و ستم کی کھل کر مذمت کی گئی۔

بھارتی تسلط کیخلاف نعرے بازی کی گئی، عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر حل کرانے کا مطالبہ کیا گیا، مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا گیا، کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کیا گیا، سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے دفتر خارجہ سے ڈی چوک تک ریلی نکالی گئی، وفاقی وزرا، دفتر خارجہ کے حکام اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے۔