سری نگر: (ویب ڈیسک) حریت کانفرنس نے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے۔
مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ 5 جنوری 1949ء کی اپنی تاریخی قرار داد پر عملدرآمد کرائے جس میں کشمیریوں کے استصواب رائے کے حق کوتسلیم کیا گیا ہے۔
عبدالرشید منہاس نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019ء کو مقبوضہ جموں و کشمیرکی خصوصی حیثیت سلب کرنے کے بعد علاقے میں مظالم کا سلسلہ تیز کردیا ہے اور کشمیری مسلسل فوجی محاصرے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
ترجمان نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی اورنعیم احمد خان سمیت ہزاروں کشمیریوں کی جھوٹے مقدمات میں نظربندی کی مذمت کرتے ہوئے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے انکی رہائی کے لیے کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔
واضح رہے کہ بھارتی حکومت نے اگست 2019ء میں مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد کشمیریوں کے گھروں، زمینوں اور دیگر املاک پر قبضے کی مذموم مہم تیز کردی ہے جس کا بنیادی مقصد انہیں معاشی طو ر پر مفلوک الحال بنانا اور علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا ہے۔