مظفرآباد: (دنیا نیوز) لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں کشمیری آج بھارت کے یوم جمہوریہ پر ’یوم سیاہ‘ منا رہے ہیں۔
بھارت کے یوم جمہوریہ کو ہر سال کشمیری یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں آج مکمل ہڑتال ہے، قابض فوج نے سڑکوں پر اضافی چیک پوسٹیں قائم کر رکھی ہیں، بڑی تعداد میں فورسز کے اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔
آزاد کشمیر بھر میں یوم سیاہ کی مناسبت سے احتجاج کا سلسلہ شروع ہے، دارالحکومت کے برہان وانی چوک میں بڑی تعداد میں شہری احتجاج میں شریک ہیں، احتجاج کے دوران بچوں نے سیاہ جھنڈے لہرا کر بھارت مخالف نعرے بازی کی۔
شرکاء کا کہنا ہے کہ بھارت غاصب اور جارح ملک ہے، جارح اور دہشت گرد ملک کو یوم جمہوریہ منانا زیب نہیں دیتا، بھارت سے آزادی اور تکمیل پاکستان کیلئے جدوجہد جاری رہے گی۔
یوم سیاہ پر وزیراعظم آزاد کشمیر انوار الحق کا کہنا ہے کہ بھارت کا یوم جمہوریہ ہمارے لئے یوم سیاہ ہے، کشمیر کسی صورت بھارت کا حصہ ہے نہ کبھی ہوسکتا ہے، کشمیری اپنے حق خودارادیت کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔