راولپنڈی: (دنیا نیوز) آئی ایس پی آرکے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے سلطنت عمان کا دورہ کیا، سربراہ پاک فضائیہ نے سول اورعسکری قیادت کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور فضائیہ کے مابین تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عمان کے دورے کے دوران ملاقاتوں میں سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ پاک فضائیہ عمان کی رائل ایئر فورس کے فضائی عملے کی تربیت اور معاونت کیلئے کوشاں ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ملاقاتوں کے دوران سلطنت عمان کی قیادت کا نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا گیا۔
آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ عمانی قیادت نے پاک فضائیہ کی مقامی صلاحیتوں کو بڑھانے میں ائیر چیف کی قیادت کو سراہا۔ سلطنت عمان کی قیادت نے مشترکہ فضائی مشقوں، وفود کے تبادلے اور مشترکہ پلیٹ فارم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔