عمران خان کی اہلیہ سے ملاقات نہ کرانے پر جیل سپرنٹنڈنٹ کیخلاف درخواست دائر

Published On 08 February,2025 02:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے عدالتی احکامات کے باوجود بشریٰ بی بی سے جیل میں ملاقات نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست فیصل فرید چودھری ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر کی گئی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار سابق وزیراعظم ہیں اور جعلی مقدمات میں اڈیالہ جیل میں سزا بھگت رہے ہیں، ان کی فیملی اور وکلا سےجیل میں ملاقات کے لیے باقاعدہ شیڈول دیا گیا تھا، بشریٰ بی بی بھی اڈیالہ جیل میں ہی قید ہیں۔

دائر درخواست میں کہا گیا کہ 28 جنوری کو عدالت نے حکم دیا کہ قواعد و ضوابط (ایس او پی) کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی ان کی اہلیہ سے ملاقات کرائی جائے، تاہم ملاقات نہیں کرائی گئی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ جیل حکام کی جانب سے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہیں کیا گیا، عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر جیل سپرنٹنڈنٹ کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔