پی ٹی آئی کی فطرت میں تخریب کاری اور فتنہ انگیزی ہے: رانا تنویر حسین

Published On 08 February,2025 06:02 pm

شرقپورشریف: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ پی ٹی آئی مذاکرات میں کبھی سنجیدہ ہی نہیں تھی، پی ٹی آئی نے اپنے تحریری مطالبات دیئے لیکن جواب لینے سے پہلے بھاگ گئے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ ان کی فطرت میں تخریب کاری اور فتنہ انگیزی ہے، 8 فروری کو صاف شفاف الیکشن ہوئے، ضلع شیخوپورہ میں شفاف الیکشن ہوئے اور زیادتی بھی ہمارے لوگوں کے ساتھ ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ چند شرپسند عناصر ملے ہوئے ہیں ان کے ساتھ عوام نہیں ہے، ہماری ایک سال کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے، وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں دن رات محنت کر کے ملکی معیشت بہتر کی ہے، عالمی ادارے بھی تسلیم کررہے ہیں کہ پاکستان کی معیشت بہتر ہو رہی ہے۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ اگلے سال مزید بہتری ہوگی اور عوام کے لئے خوشحالی آئے گی، پنجاب حکومت نے عوام کے لئے بے شمار منصوبے شروع کئے ہیں۔