صوابی کے جلسے میں زہریلی تقریروں کے سوا کچھ نہیں ہوگا: عظمیٰ بخاری

Published On 08 February,2025 12:04 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ صوابی کے جلسے میں زہریلی تقریروں کے سوا کچھ نہیں ہوگا، خیبرپختونخوا کے عوام کو 12 سال میں صرف فتنہ اور فساد ملا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام آج یوم تعمیر و ترقی منا رہے ہیں، دوسری طرف سیاسی ٹولہ یوم سیاہ منا رہا ہے، ان کے پاس سوائے رونے دھونے کے اور کچھ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ سال پہلے اداروں کیخلاف سازشیں کی جا رہی تھیں، مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا تھا، پنجاب میں مریم نواز کی حکومت بننے سے عوام کو ریلیف ملا، پنجاب کے بچوں کو سکالر شپس دی گئیں، بجلی بلوں میں ریلیف دیا گیا، خدمت کارڈ جیسی سہولت ملی، پنجاب کی اقلیتوں کیلئے مینارٹی کارڈ متعارف کرایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام کیلئے متعدد منصوبے شروع کئے گئے، دوسری طرف ایسی جماعت بھی ہے جس کے مقدر میں صرف رونا ہے، یہ خود بھی روتے ہیں اور عوام کو بھی رونے پر مجبور کرتے ہیں، ان کی ایک صوبے میں حکومت ہے وہاں کے عوام کو کیا ملا، کے پی کے عوام کے ریلیف کیلئے ایک بھی منصوبہ نہیں دیا گیا، کے پی کے عوام کو کرپشن اور مہنگائی ملی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کل قذافی سٹیڈیم میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد ہوا، ہمارے بچوں کو ایسے ایونٹس کی ضرورت ہے نہ کہ پٹرول بموں کی، قذافی سٹیڈیم میں میچز کیلئے سکیورٹی کے انتظامات وزیراعلیٰ خود دیکھ رہی ہیں، ماضی میں سٹیڈیمز کو بھی اپنی سیاست کیلئے استعمال کیا گیا، نوجوانوں کیلئے کھیلوں کے میدان آباد ہونے چاہئیں۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے بچوں کو بھی سکالر شپس دیں گی، ایک سیاسی ٹولہ یوم سیاہ منا رہا ہے، ان کے پاس سوائے رونے دھونے کے اور کچھ نہیں ہے، یہ آج صوابی میں جلسہ کر رہے ہیں، سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال ہو رہا ہے، علی امین گنڈاپور بتائیں کہ انہوں نے آج تک صوبے کیلئے کیا کیا؟

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت دیگر صوبوں میں ترقی دیکھنا چاہتی ہے، انہوں نے بس صوبے کے پیسوں کو ذاتی مفاد کیلئے استعمال کرنا ہے، چند لوگ زبردستی بانی کو مقبول قرار دینے پر تلے ہوئے ہیں، بانی پی ٹی آئی کی کال پر کوئی بھی باہر نہیں نکلا، ان کے اپنے ایم این ایز اور ایم پی ایز گھروں میں بیٹھے ہیں، عوام کو ان کے دھرنوں میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ مخالفین کے مطابق پورے ملک میں الیکشن غلط اور خیبرپختونخوا میں درست ہوئے، وزیراعلیٰ مریم نواز نے ایک سال میں اتنا کام کیا جتنا کوئی حکومت 5 سال میں بھی نہیں کرسکی، نگہبان رمضان پیکیج کے تحت 10 ہزار روپے مستحق خاندانوں کو دیئے جائیں گے، پیکیج میں رجسٹریشن کی آخری تاریخ 15 فروری ہے، پیکیج کے تحت لوگوں کو ان کے گھروں میں پے آرڈرز پہنچائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کسی ایک پارٹی کیلئے منصوبے نہیں بناتیں، نگہبان رمضان پیکیج کیلئے تمام مستحق افراد اہل ہیں، تمام بینکوں کے ساتھ ہمارے معاملات طے ہیں، کسی بھی بینک سے پے آرڈر کیش کرایا جا سکتا ہے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ عالمی ادارے اور تنظیمیں پاکستان کی معیشت کے بہتر ہونے کا بتا رہے ہیں، گورنر پنجاب ہمیشہ ناراض ہی رہتے ہیں، گورنر پنجاب سے متعلق کوئی تبصرہ نہیں کروں گی، جب عوام کے مسائل حل ہو رہے ہیں تو وہ کیوں کسی کی کال پر باہر نکلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج تعمیر و ترقی اور خوشی کا دن ہے تو منفی باتیں نہیں ہونی چاہئیں، وزیراعلیٰ مریم نواز بطور سیاسی ماں بچوں کو انتشار سے محفوظ رکھنا چاہتی ہیں، جن کا تمیز اور تہذیب سے دور دور تک واسطہ نہیں ان کیلئے رشتوں کی کوئی اہمیت نہیں، ماڈل رمضان بازار بھی ہر ڈسٹرکٹ سطح پر موجود ہوں گے، رمضان بازاروں میں سبسڈی پر اشیاء عوام کو میسر ہوں گی۔

صوبائی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ جب ہم نے حکومت لی تو مہنگائی 38 فیصد تھی آج 4 فیصد پر ہے، 50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریوں جیسے دعوے نہیں کرتے، مریم نواز وہ وعدہ کرتی ہیں جس پر عمل درآمد ہوسکتا ہو۔