اسلام آباد: (دنیا نیوز) سروس کے دوران فوت ہونے والے سرکاری ملازمین کے خاندانوں کیلئے بڑی سہولت ختم کر دی گئی۔
وزیر اعظم نے سرکاری ملازم کی دوران ملازمت انتقال سے متعلق ڈیتھ پالیسی میں تبدیلی کی منظوری دے دی۔
ڈیتھ پالیسی کے مطابق دوران سروس انتقال پر سرکاری ملازم کے بچے کو اب نوکری نہیں ملے گی، وزیراعظم کی جانب سے نوکری کی سہولت ختم کرنے کیلئے سپریم کورٹ کے فیصلے کو جواز بنایا گیا، وزیر اعظم نے امدادی پیکیج سے ملازمت کی فراہمی کو ختم کرنے کی منظوری دے دی۔
پالیسی کے مطابق دیگر تمام فوائد مرنے والے سرکاری ملازمین کے اہلخانہ کو ملتے رہیں گے، شہید اہلکاروں اور دہشت گردی کا نشانہ بننے والے سرکاری ملازمین کے ورثا فیصلے سے متاثر نہیں ہونگے، فیصلے سے بیوہ/ شوہر یا متوفی سرکاری ملازمین کے بچے کی پہلے سے کی گئی تقرری بھی متاثر نہیں ہوگی۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وزارتوں، ڈویژن اور صوبوں کو خط لکھ کر آگاہ کر دیا، تمام وزارتوں اور ڈویژنوں کو متعلقہ محکموں سے وزیراعظم کی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی گئی۔