سندھ ہائیکورٹ کا سپیشل جوڈیشل الاؤنس فوری طور پر غیر منجمد کرنے کا حکم

Published On 11 February,2025 01:59 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے سپیشل جوڈیشل الاؤنس فوری طور پر غیر منجمد کرنے کا حکم دے دیا۔

جوڈیشل الاؤنس کی عدم ادائیگی سے متعلق جوڈیشل عملے کی جانب سے سندھ حکومت کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سندھ ہائی کورٹ نے سپیشل جوڈیشل الاؤنس کو فوری غیر منجمد کرنے کا حکم دیا۔

دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیا سندھ حکومت نے سپریم کورٹ سے حکم امتناع حاصل کیا؟ جس پر سرکاری وکیل نے مؤقف دیا کہ سندھ حکومت نے درخواست دائر کر رکھی ہے تاحال حکم امتناع نہیں مل سکا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ جوڈیشل الاؤنس دینے کے عدالتی فیصلے پر تاحال عملدرآمد کیوں نہیں ہوا؟

سرکاری وکیل نے بتایا کہ یہ صرف ایک الاؤنس کا معاملہ نہیں ہے، سرکاری ملازمین کے 100 سے زائد الاؤنسز ہیں، سندھ حکومت کے پاس اتنی رقم موجود نہیں، عدالت نے ریمارکس دیے یہ ہمارا مسئلہ نہیں ہے، آپ نے حکم کے مطابق واجبات ادا کرنے ہیں۔

عدالت نے سپیشل جوڈیشل الاؤنس کو فوری غیر منجمد کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اگر عملدرآمد نہ کیا گیا تو سیکرٹری فنانس ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔

بعد ازاں سندھ ہائی کورٹ نے کیس کی مزید سماعت 4 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔