سپیکر قومی اسمبلی سے بحرین کے سفیر کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

Published On 12 February,2025 02:01 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بحرین کے سفیر محمد ابراہیم محمود عبدالقادر نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں سفیر نے بتایا کہ بحرین کے سپیکر کی سربراہی میں پارلیمانی وفد 16 سے 19 فروری تک پاکستان کا دورہ کرے گا جس پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور بحرین میں تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے پاک بحرین پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کو مزید فعال بنانے پر زور دیا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے زرعی اور توانائی کے شعبوں میں بحرین کے سرمایہ کاروں کے لئے وسیع مواقع موجود ہیں، بحرین میں مقیم پاکستانی افردی قوت دوطرفہ تعلقات میں پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔

بحرین کے سفیر محمد ابرہیم محمود عبدالقادر نے بحرین سے متعلق سپیکر قومی اسمبلی کے تاثرات کی تعریف کی، بحرین کے سفیر نے پارلیمانی تبادلوں کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بحرین علاقائی استحکام اور اقتصادی ترقی کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔