سینیٹ اجلاس: شیری رحمٰن اور ہمایوں مہمند کے مابین تلخ جملوں کا تبادلہ

Published On 14 February,2025 01:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ اجلاس ملتوی کیے جانے پر سینیٹر شیری رحمٰن اور سینیٹر ہمایوں مہمند کے مابین تلخ جملوں کا تبادلہ ہو گیا۔

سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہا کہ یوسف گیلانی احتجاجاً اپنی سیٹ پر نہیں بیٹھ رہے، شیری صاحبہ آپ کو بھی نہیں بیٹھنا چاہیے جس پر سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا کہ میں گیلانی صاحب کی اجازت سے ہی یہاں بیٹھی ہوں۔

سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ سینیٹر اعجاز چودھری کے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے کے باوجود ان کو نہیں لایا جا رہا، یوسف رضا گیلانی کے آرڈر پر عمل نہیں ہو رہا اس لیے وہ احتجاج پر ہیں، یوسف گیلانی احتجاجاً اجلاس کی صدارت نہیں کر رہے، شیری صاحبہ آپ کو بھی اجلاس کی صدارت نہیں کرنی چاہیے۔

اپوزیشن اراکین نے ایوان میں مائیک نہ ملنے پر احتجاج کیا جس پر اپوزیشن کے شور شرابے پر کورم کی نشاندہی کی گئی، سینیٹ میں کورم نا مکمل ہونے پر اجلاس پیر شام چار بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

اجلاس ملتوی ہونے کے بعد پی ٹی آئی کے سینیٹرز میڈیا گیلری پہنچے جس میں سینیٹر شبلی فراز، علی ظفر، عون عباس بپی، راجہ ناصرعباس اور دیگر سینیٹرز شامل تھے۔