اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہمارا مشن ہے، پاکستان کی خوشحالی دہشت گردی کے خاتمے سے جڑی ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ لیفٹیننٹ حسن اشرف شہید نے جان دینے سے پہلے 6 خوراج جہنم واصل کیے، دہشت گردی کے خلاف یہ قربانیاں ہمیشہ یاد رکھنی چاہئیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ برادرملک ترکیہ کے صدر دو روزہ دورے پر پاکستان آئے، ترکیہ نے ہر فورم پر پاکستان کا ساتھ دیا، ترکیہ نے ہمیشہ دل کھول کر پاکستان کا ساتھ دیا ہے، ترکیہ صدر نے کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لیے آواز بلند کی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے اسلام آباد میں رجب طیب اردوان انٹرچینج کا افتتاح کر دیا
شہباز شریف نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں، ترکیہ کے ساتھ تجارتی حجم بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے، گزشتہ دنوں گیلپ سروے جاری ہوا ہے، گیلپ سروے میں ایک سال میں بزنس کمیونٹی نے پالیسی پر 55 فیصد اعتماد کیا۔
انہوں نے کہا کہ کل ورلڈ بینک کے وفد سے ملاقات ہوئی، انہوں نے معاشی اشاریوں پر بھرپور ستائش کی، تعریفی کلمات سن کر ہم نے بیٹھنا نہیں مزید محنت کرنی ہے، مل کر کام کریں گے تو معاشی ترقی میں تیزی سے اضافہ ہوگا۔