کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نواب یوسف تالپور انتقال کر گئے۔
اہل خانہ نے نواب یوسف تالپور کے انتقال کی تصدیق کی ہے، ان کی نماز جنازہ آج دوپہر 2 بجے عمرکوٹ میں آبائی علاقے کنری میں ادا کی جائےگی۔
نواب یوسف تالپور 2024 کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 213 ضلع عمرکوٹ سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے، نواب یوسف تالپور متعدد بار رکن قومی اسمبلی رہ چکے ہیں، وہ بینظیر بھٹو کی کابینہ میں بھی وفاقی وزیر رہ چکے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نواب یوسف تالپور کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواب یوسف تالپور پیپلز پارٹی کا اثاثہ تھے، ان کے انتقال کی خبر میرے لئے باعثِ صدمہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواب یوسف تالپور نے ایم آر ڈی کے دوران بہادری سے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔
دوسری جانب ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی غلام مصطفیٰ شاہ نے نواب یوسف تالپور کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ رکن قومی اسمبلی نواب یوسف تالپور ایک تجربہ کار، مدبر اور دور اندیش سیاستدان تھے۔
سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے نواب یوسف تالپور کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ نواب یوسف تالپور کی وفات پیپلزپارٹی اور جمہوری سیاست کیلئے بڑا نقصان ہے۔